امیر مکہ نے حرم شریف میں کرین حادثے سے 11روز قبل بن لادن گروپ کے چیئرمین کومشینری کے حفاظتی معیار سے متعلق خبردار کیاتھا۔جریدے’ڈیلی مکہ‘ کے مطابق امیر مکہ اور توسیعی منصوبے کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل نے بکربن لادن کو کہاتھا کہ تعمیراتی کرینوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔ امیرمکہ کی ہدایت میں کرینوں کو پیدل چلنے والوں کیلئے موجود راستے سے ہٹانا بھی شامل تھا تاکہ
جہاں کام مکمل ہوچکاہے وہ جگہ استعمال میں لائی جاسکے اور حجاج کرام کو تعمیراتی جگہ سے دور رکھنے کیلئے سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی سمیت نظررکھی جائے تاہم یہ ہدایات نظر انداز کر دی گئیں .
دوسری طرف حادثے کی تحقیقات کرنیوالی کمیٹی کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ پراجیکٹ کے کنٹریکٹر نے کرینوں کی حالت سے متعلق متعلقہ ایجنسیوں کے کئی پیغامات نظرانداز کیے ، کمیٹی کاکہناتھاکہ حفاظتی معیار کی خلاف ورزی اور تیز ہوا حرم شریف کرین حادثے کا سبب بنے ۔